19 دسمبر 2014 - 19:22
پاکستان: دو دہشتگردوں کو پھانسی دے دی گئی

پاکستان کے شہر فیصل آباد کی سینٹرل جیل میں خطرناک ترین دہشتگرد ڈاکٹر عقیل عرف عثمان اور ارشد مہربان کو پھانسی دے دی گئی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جی ایچ کیو حملہ کیس میں پھانسی کی سزا پانے والے عقیل عرف ڈاکٹر عثمان کو بالاخر پھانسی دے دی گئی جبکہ دیگر 5 مجرموں کو بھی آئندہ 24 گھنٹے میں تختہ دار پر لٹکائے جانے کا امکان ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گزشتہ روز ڈاکٹر عثمان سمیت 6 مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ پر دستخط کردیے تھے جس کے بعد ڈاکٹر عثمان کو فیصل آباد جیل کے ڈیتھ سیل منتقل کردیا گیا تھا۔ جیل حکام کو ڈاکٹرعثمان اور ارشد مہربان کے ڈیتھ وارٹ بھی موصول ہونے کے بعد قیدی سے اس کے بھائی کی آخری ملاقات بھی کرادی گئی تھی۔ فیصل آباد جیل میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران پھانسی کے منتظر دیگر قیدیوں کوبھی تختہ دار پر لٹکادیا جائے گا جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جیل کے اطراف انتہائی سخت سیکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں۔ زرائع کے مطابق پاکستان کی تمام جیلوں کے آس پاس انتہائی سخت سیکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں اور حساس شہروں میں اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں چھٹیاں کر دی گئی ہیں اور فوجی جوانوں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
ادھر کراچی میں بھی ڈی جی سینٹرل جیل نے انتہائی خطرناک دہشتگردوں کو پھانسی دینے کی تیاریاں کر لی ہیں جن میں ڈاکٹر علی رضا کے قتل میں ملوث دو قیدی شامل ہیں۔ مجرموں کو بہتر گھنٹوں میں پھانسی دے دی جائے گی جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ مجرموں کو انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی تھی اور پاکستان کے صدر نے بھی ان کی اپیلیں مسترد کر دی تھیں۔

.......

/169